ممبئی، 7/ جون (ایس او نیوز/ایجنسی ) آج 7جون بروزبدھ ممبئی سے عازمین حج کی روانگی کا آغازعمل میں آئے گا۔ممبئی سے عازمین کا پہلا جہاز صبح 10بجکر 40 منٹ پر سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گا جبکہ دوسرا جہاز رات میں 8 بجکر40 منٹ پر پرواز کرےگا۔ ان میں فی جہاز298 عازمین حج سوارہوں گے جبکہ دونوں جہازوں میں 596 عازمین سوار ہوں گے۔ ممبئی سے آج روانہ ہونے والے عازمین کے پہلے قافلے میں زیادہ ترممبئی اورتھانے کے عازمین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ شیڈیول کے مطابق ممبئی سے عازمین حج کا آخری قافلہ22جون کی صبح8 بجے روانہ ہوگا ۔ اس میں288عازمین شامل ہوں گے۔
حسب ترتیب عازمین ِ حج کو 48 گھنٹے پہلے رپورٹنگ کے لئے بلایا گیا تھا ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او نے اس تعلق سے بتایا کہ عازمین کی روانگی کاشیڈیول تیار کرنے کےبعد ایئرپورٹ پرانتظامات کا جائزہ لیا گیا اورعازمین کے لئے جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے ، اسے تیارکرانے پرخاص توجہ دی گئی ہے۔امید ہےکہ عازمین کےتمام قافلے اطمینان اورسکون کے ساتھ سرزمین مقدسہ روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں حج کمیٹی کاعملہ اوردیگر اسٹاف موجود رہے گا جو عازمین کی ہرطرح سے مدد کرے گا ۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے اس دعوے کا عملاً آج اندازہ اس وقت ہوگا جب عازمین کی روانگی شرو ع ہوگی ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس دفعہ عازمین کی خدمت کرنےوالی کمیٹیوں کے اراکین کو ایئرپورٹ کے اندر جانے کے لئے پاس مہیا نہیںکروائے گئے ہیں
کافی کوشش کے باوجودعازمین حج کی خدمت کرنے والی8 تنظیموں کواس مرتبہ ایئرپورٹ کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ملی اور نہ ہی ان کوپاس دیا گیا ۔ اس سے تنظیموں کے ذمہ داران میں ناراضگی ہے کہ برسوں سے بے لوث خدمت کرنے کاان کویہ صلہ دیا گیا ہے۔ البتہ انہوں نے یہ طے کیا ہے کہ سابقہ روایات کے مطابق باہر رہ کر اللہ کے مہمانوں کی خدمت جاری رکھیں گے ۔ سہارائے خادم الحجاج عمران قاسم مکنوجیا نےبتایاکہ افسوس تو بہت ہے کہ ہمیںپاس نہیںدیا گیالیکن ہم اپنی خدمت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کامقصد اللہ کےمہمانوں کی خدمت کرنا اوران کی دعائیں لینا ہے اسلئے ایئرپورٹ کے باہری حصے میںگیٹ نمبر پی 9سے لے کرایئرپورٹ کے گیٹ تک عازمین کواحرام باندھنے ، سامان ٹرالی میں لادنے اورگیٹ تک لے جانے ، نیز کاغذات وغیرہ تیار کروانے میں جوممکن ہوسکے گا کیا جائے گا ۔ عمران مکنوجیا نے بتایاکہ خدمت کرنے والی دیگر تنظیموںکےذمہ داران منگل کی دیر راتباہم مشورہ کریںگے اور فجر کی نمازکے بعد عازمین کی روانگی سے قبل تمام رضاکار خدمت پرمامور ہوجائیں گے۔ حج پلگرمس سوشل ورکرس گروپ کے ذمہ دار قاضی مہتاب حسینی نے کہاکہ ’’عازمین کی خدمت کرنے والے تمام کمیٹیوں کے کارکنان ایئرپورٹ اورسیکوریٹی عملہ کے معاون ہوتے تھے اوران کا کام آسان بناتے تھے اسکےباوجود حکومت کارویہ افسوسناک ہے ۔ پھربھی ہم سب کے پیش نظرعازمینِ حج کی خدمت ہے ، وہ ہم جاری رکھیں گے۔ ‘‘